دہلی، 13؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کھادی ولیج انڈسٹریز کمیشن(کے وی آئی سی )کے سالانہ کیلنڈر اور ٹیبل ڈائری میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی تصویر کی جگہ مودی کی تصویر لگنے پر تشار گاندھی نے تیکھا طنز کیا ہے ۔گاندھی جی کے پڑپوتے کے مطابق وقت آ گیا ہے کہ باپو اب کے وی آئی سی کو الوداع کہہ دیں۔تشار گاندھی کا کہنا ہے کہ یوں بھی کے وی آئی سی نے کھادی اور باپو دونوں کی وراثت کو کمزور ہی کیا ہے، اس لیے مودی کو چاہیے کہ وہ اس کمیشن کو ختم کر دیں۔تشار گاندھی وزیر اعظم مودی پر بھی برسے۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی کو 10لاکھ کے سوٹ پسند ہیں اور شاید کھادی بھی غریبوں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہے۔گاندھی نے صاف کیا کہ یہ ان کی ناراضگی نہیں بلکہ درد ہے۔تشار گاندھی کا کہنا تھا کہ جو لوگ باپو کے قاتل کے حامی ہیں ان کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہنا چاہتے، ان کی رائے میں جنگ آزادی میں کوئی کردار ادا نہ کرنے والے لوگ کھادی کی اہمیت نہیں سمجھ سکتے۔